Why It’s Never Too Late to Change Your Career Path

 

زندگی میں ہر انسان کبھی نہ کبھی ایسے موڑ پر ضرور پہنچتا ہے جہاں اسے لگتا ہے کہ اس نے کوئی غلط فیصلہ کر لیا ہے۔ ایک سٹوڈنٹ غلط سبجیکٹ چن لیتا ہے، ایک نوجوان کسی ایسی فیلڈ میں سالوں لگا دیتا ہے جس میں اس کا دل نہیں لگتا، اور ایک پروفیشنل خود کو کسی ایسی نوکری میں قید پاتا ہے جو اس کی صلاحیتوں کو زنگ لگا رہی ہوتی ہے۔

ایسی صورتِ حال میں سب سے بڑا سوال یہ ہوتا ہے: "کیا اب پیچھے ہٹنا ممکن ہے؟"

قدیم جاپانی حکمت اس کا جواب ایک بہت خوبصورت مقولے میں دیتی ہے:


اگر آپ غلط ٹرین میں سوار ہو جائیں، تو اگلے اسٹیشن پر اتر جائیں۔


یہ صرف ایک سفر کی نصحیت نہیں، بلکہ سٹوڈنٹس، نوجوانوں اور پروفیشنلز کے کیریئر کا سب سے بڑا سبق ہے۔

نوجوان غلط راستے پر سفر کیوں جاری رکھتے ہیں؟

ہم میں سے اکثر لوگ غلط سمت میں صرف اس لیے چلتے رہتے ہیں کیونکہ وہ ایک نفسیاتی جال میں پھنس جاتے ہیں جسے "Sunk Cost Fallacy" کہا جاتا ہے۔

 * سٹوڈنٹس کا سوچنا: "میں نے FSC یا اینٹری ٹیسٹ میں 2 سال لگا دیے ہیں، اب فیلڈ بدلی تو لوگ کیا کہیں گے؟"

 * پروفیشنلز کا ڈر: "میں اس فیلڈ میں 5 سال لگا چکا ہوں، اب زیرو سے شروع کرنا ناممکن ہے۔"

ہم اکثر یہ نہیں دیکھتے کہ آگے کا سفر ہمیں کہاں لے جا رہا ہے، بلکہ ہم صرف یہ دیکھتے ہیں کہ ہم پیچھے کتنا سفر کر چکے ہیں۔ لیکن یاد رکھیں، غلط سمت میں مزید 5 سال چیلنجز سے لڑنے سے بہتر ہے کہ انسان آج ہی رک کر صحیح سمت کا انتخاب کرے۔

کیریئر کا اسٹیشن کیسے بدلا جائے؟ 

(عملی اقدامات)

اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ غلط کیریئر یا ڈگری میں ہیں، تو فوراً گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان سٹیپس پر عمل کریں:

 * غلطی تسلیم کرنا ناکامی نہیں:

   اپنی غلط فہمی یا غلط انتخاب کو ماننا کمزوری نہیں بلکہ خود شناسی (Self-Awareness) کی سب سے بڑی علامت ہے۔

 * اپنے بنیادی ہنر (Skills) کا جائزہ لیں:

   اگر آپ کو فیلڈ بدلنی بھی پڑے، تو آپ کا گزرا ہوا وقت بالکل ضائع نہیں ہوتا۔ آپ نے جو کمیونیکیشن، پرابلم سولونگ یا ٹائم مینجمنٹ سیکھی ہوتی ہے، وہ اگلی فیلڈ میں بھی کام آتی ہے۔

 * سائیڈ ہسل (Side Hustle) سے شروعات کریں:

   اگر آپ پروفیشنل ہیں اور یک لخت نوکری نہیں چھوڑ سکتے، تو شام کے وقت یا ویک اینڈ پر اپنی پسندیدہ فیلڈ پر کام کرنا شروع کریں۔ سٹوڈنٹس آن لائن کورسز کے ذریعے نئی فیلڈ کو ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔

 * "اگلا اسٹیشن" کہاں ہے؟

   اگلے اسٹیشن پر اترنے کا مطلب بغیر سوچے سمجھے چھلانگ لگانا نہیں ہے۔ پہلے اپنی نئی سمت، مارکیٹ کی ڈیمانڈ اور اپنے شوق کا جائزہ لیں، پھر قدم بڑھائیں۔

تبدیلی کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی

دنیا کے بہترین بزنس مین، سائنسدان اور آرٹسٹ وہ نہیں تھے جنہوں نے پہلی بار میں صحیح راستہ چن لیا تھا، بلکہ وہ تھے جن کے اندر وقت پر غلط ٹرین سے اترنے کا حوصلہ تھا۔

اگر آج آپ کی نوکری یا تعلیم آپ کو ذہنی سکون نہیں دے رہی، تو یاد رکھیں کہ ہر نیا دن ایک نیا فیصلہ کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ ماضی میں کیے گئے غلط فیصلے کا بوجھ مستقبل پر نہ ڈالیں۔

اپنے کیریئر کی لگام اپنے ہاتھ میں لیں، سمت درست کریں، اور صحیح ٹرین کا انتخاب کریں کیونکہ آپ کی کامیابی منزل سے زیادہ صحیح راستے پر منحصر ہے۔


(کیرئیر مینٹور: ایچ۔ایم۔زکریا)